اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور، لائبریری میں خصوصی ریفرنس کارنر قائم
بہاو ل پور ( اُمیدیں ٹائمز) اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے عباسیہ کیمپس میں واقع لائبریری میں خصوصی ریفرنس کارنر قائم کیا گیا ہے جہاں پر جامعہ کے اہم ترین فورمز سینٹ اور سینڈیکیٹ کے ایجنڈے اور اجلاسوں کی روداد(منٹس آف میٹنگ)دستیاب ہیں ۔ یہ اقدام اُن اِدارہ جاتی اصلاحات کا حصہ ہے جن کا مقصد تمام معاملات میں شفافیت اور قوانین کی بالادستی کو فوقیت دینا ہے ۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے ایکٹ کے مطابق جامعہ چانسلر، پروچانسلر ، وائس چانسلر اور سینٹ ، سینڈیکیٹ و اکیڈمک کونسل کے ممبران پر مشتمل ہے ۔سینڈیکیٹ یونیورسٹی کی ایگزیکٹو باڈی ہے جو ایکٹ اور قوانین کے مطابق تدریسی، تحقیقی اور اشاعتی امور کے معیار میں اضافے اوردیگر تدریسی اور انتظامی امور کے لیے موثر اقدامات کرتی ہے ۔جن کے لیے سینڈیکیٹ کو خصوصی اختیارات حاصل ہیں۔ اِسی طرح سینٹ یونیورسٹی کا اعلیٰ ترین فورم ہے جو سینڈیکیٹ کے بنائے ہوئے قوانین ، سالانہ رپورٹوں اور بجٹ کی منظوری دیتا ہے ۔ ماضی میں سینٹ اور سینڈیکیٹ کے ایجنڈے اور منٹس تک صرف چند افراد کو رسائی حاصل تھی تاہم اب ریفرنس کارنر کے قیام سے اساتذہ ، ملازمین اور طلبہ وطالبات کے علاوہ یونیورسٹی سے باہر کے افراد بھی ان دستاویزات کو پڑھ سکتے ہیں ۔ پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق وائس چانسلر کی ہدایت پر جامعہ میں یونیورسٹی کے اہم ترین فورمزسینٹ، سینڈیکیٹ ، اکیڈمک کونسل ، بور ڈ آف ایڈوانسڈ سٹڈیز اینڈ ریسرچ حتیٰ کہ کانووکیشن کے باقاعدہ انعقاد کے لیے ایک شیڈول مرتب کیا گیا او راس مقصد کے لیے ایک خصوصی کتابچہ بھی چھاپا گیا۔ یونیورسٹی سینڈیکیٹ کے اب تک 69اجلاس منعقد ہوچکے ہیں جن میں حالیہ چار برسوں میں ہونے والے 11اجلاس بھی شامل ہیں۔ اِسی طرح سینٹ کے بھی 15اجلاس منعقد ہو چکے ہیں۔ ان اجلاسوں کے ایجنڈے اورروداد کی عام دستیابی سے ایک طرف تو ہر ایک کو ان دستاویزات تک رسائی حاصل ہو گی تو دوسری جانب تمام امور میں شفافیت کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔