خاتون اول کے انتقال پر تعزیتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع
لاہور: (دنیا نیوز) سابق خاتون اول کلثوم نواز کے انتقال پر تعزیتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی، قرارداد مسلم لیگ ن کی حنا پرویز بٹ کی جانب یس جمع کرائی گئی۔
پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان مادر جمہوریت محترمہ کلثوم نواز کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتا ہے،
پاکستان ایک عظیم، جمہوریت پسند اور دلیر خاتون سیاستدان سے محروم ہو گیا، کلثوم نواز نے جمہوریت کی سر بلندی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھی، یہ ایوان شریف خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔
یاد رہے بیگم کلثوم نواز گز شتہ 13ماہ سے لندن کے ہارلے سٹریٹ کلینک میں زیر علاج تھیں۔ وہ کینسر کے مرض سے جانبر نہ ہو سکیں، ان کی عمر 68 برس تھی۔ سابق خاتون اول کی میت جمعہ کو لندن سے لاہور لا ئی جائیگی۔ انہوں نے دو بیٹے حسن نواز،حسین نواز ،دو بیٹیاں مریم نواز، اسما اور شوہر نوازشر یف کو سوگوار چھوڑا۔