بہاولپور(اُمیدیں ٹائمز) کمشنر بہاولپور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے کہا ہے کہ بہاول پور میں سیوریج سسٹم سے متعلقہ تمام مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔ یہ ہدایات انہوں نے ایک اجلاس کے دوران میں اسلامی کالونی بہاول پور، سیٹ لائٹ ٹاؤن، اکبر کالونی حمائیتیاں، رفیع قمر روڈ،مین سیوریج لائن ٹبہ بدر شیر، بہاری کالونی، جنرل بس اسٹینڈبہاول پور اور گلبرگ روڈ ماڈل ٹاؤن اے کے مقامات پر سیوریج سسٹم کے مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے دیں۔اس موقع پر میونسپل کارپوریشن اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے افسران بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ بہاول پور شہر میں سیوریج کے 40سالہ پرانے اور بوسیدہ سسٹم کو بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ سیوریج سسٹم کی بحالی کے لئے ایمرجنسی کے تحت اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور اس سلسلہ میں میونسپل کارپوریشن اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران و سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر کے فیلڈ میں متحرک کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سیوریج سسٹم کے مسائل پر بہت جلد قابو پا کر انہیں مستقل بنیادوں پر حل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف مقامات پر سیوریج سسٹم کی تعمیر و بحالی کے کاموں کو جلد سے جلد ٹھیک کیا جائے اور سیوریج سسٹم کو فوری طور پر بحال کیا جائے تاکہ شہریوں کو مشکلات میں فوری ریلیف میسر آسکے۔