بہاولپور (اُمیدیں ٹائمز) واٹس ایپ ہمیشہ سے ہی بطور ایک ویب ایپ ونڈوز آپریٹنگ سسٹم پردستیاب رہا ہے اور کسی بھی ویب برائوزر کےذریعے واٹس ایپ کے ویب ورژن تک رسائی حاصل کی جاسکتی ہے۔ بالآخر آج واٹس ایپ کی ونڈوز ایپ لانچ کر دی گئی ہے جو صرف ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کیلئے ہی وقف ہے۔
واٹس ایپ کی یہ ونڈوز ایپ بظاہر بالکل ویب ایپ کی طرح ہی نظر آتی ہے لیکن یہ ویب ورژن سے زیادہ تیز چلے گی کم ذرائع استعمال کرے گی اور ڈیسک ٹاپ ایپ کی طرح ہی کام کرے گا۔ اس کے لئے آپکو اپنا موبائل آن رکھنے کی ضرورت نہیں بلکہ اگر موبائل آف بھی ہوگا تو بھی یہ آپ کو چیٹ اور کالز دکھائے گی۔
واٹس ایپ میک بُک کیلئے بھی ایپ لانچ کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے لیکن یہ فی الحال زیر تکمیل ہے۔ ٹیسٹنگ کیلئے اسکا بیٹا ورژن تیار کیا جا چکا ہے۔ میک بُک کی واٹس ایپ ایپلیکیشن بالکل آئی فون ایپ کی طرح ہی ہوگی جو میک او ایس پر یونیورسل ایپ کے طور پر کام کرے گی یعنی بیک وقت آئی فون اور میک بُک پر کام کرے گی لیکن اس کی سپیڈ پہلے سے زیادہ بہتر ہوگی اور بہترین یوزر تجربہ دے گی۔
آپ اپنا موبائل آف کرکے بھی واٹس ایپ ڈیسکٹاپ استعمال کر سکیں گے اور ایک واٹس ایپ اکائونٹ بیک وقت چار ڈیوائسز کے ساتھ منسلک کر سکیں گے۔ لیکن اگر 15 یوم تک آپ نے اپنا موبائل آن نہ کیا تو منسلک ڈیوائسز سے اکائونٹ خود بخود منقطع ہو جائے گا۔
واٹس ایپ ڈیسکٹاپ کو آپ ونڈوز اسٹور سے ڈائون لوڈ کر سکتے ہیں۔ اس حوالے سے مزید تفصیلات واٹس ایپ کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔