ملتان سکھر موٹروے جلال پور انٹر چینج کے قریب گزشتہ شب ڈائیوو کی سلیپر بس کے آئل ٹینکر سے ٹکرانے کے نتیجے میں آگ لگ گئی، جس سے 20 مسافر زندہ جھلس کر زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ 6 افراد زخمی ہیں، جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹر وے پولیس کے افسران فوری موقع پر پہنچ گئے، مقامی پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بھی موقع پر موجود تھیں۔
ترجمان کے مطابق آگ اس قدر شدید اور خوفناک تھی کہ دور سے دکھائی دے رہی تھی، جلتی ہوئی دونوں گاڑیوں سے بیشتر افراد کو زندہ نکالا گیا اور انہیں فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ امدادی ٹیموں کو آگ بجھانے میں کئی گھنٹے لگ گئے، آئی جی خالد محمود کی ہدایات پر موٹر وے پولیس نے ایمرجنسی کرائسز سینٹر بنا دیا ہے، ہنگامی کارروائی کے دوران ڈی آئی جی شاہد جواد موقع پر موجود تھے۔
موٹر وے پولیس نے جلتی بس سے 9 مسافروں کو باحفاظت نکال لیا تھا، پولیس نے لاشوں اور زخمیوں کو نزدیک کے اسپتال پہنچایا۔
لاہور سے رپورٹس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی بس 2009ء ماڈل کی تھی جو ڈائیوو کمپنی کے تحت چلتی تھی، سلیپر بس لاہور سے کراچی کے لیے رات 9 بجے روانہ ہوئی تھی۔
کمپنی ذرائع کے مطابق بس میں 2 ڈرائیور سوار تھے، تمام اسٹاف نے سکھر میں تبدیل ہونا تھا، بس میں کل 24 مسافر سوار تھے، جن میں سے 2 مسافروں نے حیدرآباد اترنا تھا جبکہ 22 مسافروں نے کراچی جانا تھا۔