بہاول پور(اُمیدیں ٹائمز) پاکستان عطیہ خداوندی ہے اور قومی یکجہتی، امن اور خوشحالی آزادی کے حسین رنگ ہیں۔ یہ رنگ ہر آزاد ملک کے نمایاں اور اہم پہلو ہوتے ہیں جنہیں حاصل کرنے کے لیے قومیں اپنے تن من دھن کی قربانی سے دریغ نہیں کرتیں ۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر بہاول پور میوزیم محمد زبیر ربانی نے 75ویں یوم آزادی پاکستان کے موقع پر بہاول پور میوزیم میں منعقدہ پرچم کشائی کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل سے آج ہم متعدد مسائل و چیلنجر کو شکست دے کر اپنی آزادی کے 75سال مکمل کر چکے ہیں۔ آزاد سفر کے یہ ثمرات ہماری مسلح افواج اور سیکورٹی اداروں کی مرہونِ منت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن یوم تجدید عہد ہے کہ ہم نے دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ ہم بحیثیت قوم کسی بھی شعبہ ہائے زندگی میں دنیا کی کسی بھی قوم و ملک سے پیچھے نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کا یہ تاریخ ساز دن ہمارے آباؤاجداد کی صدیوں پرمحیط جدوجہدا ور قربانیوں کا ثمر ہے۔
اس موقع پر سپیشل ایجوکیشن کے خصوصی طلبا و طالبات نے بھی شرکت کی اور تحریک پاکستان سے متعلق کتب و تصویری نمائش ‘‘آزادی کے سفر’’ کا دورہ کیا۔ تقریب کے آخر میں یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا اور وطن کی سلامتی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔