بہاول پور( اُمیدیں ٹائمز)قائد اعظم میڈیکل کالج میں 14 اگست جشن آزادی 2022 کی رنگارنگ تقریب کالج آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی پرنسپل قائد اعظم میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر نیاز مقصود نے 8 بجے صبح پاکستان کا پرچم لہرایا اور پرندے آزادکیے۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول سے ہوا۔سٹیج سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر امیر احمد ملک نے حاضرین کو پاکستان کے لیے دی گئی قربانیوں سے آگاہ کیا۔
کالج سٹوڈنٹس نے ملی نغمے پیش کیے اور پاکستان کی آذادی کی تحریک سے متعلق تقاریر کیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوے ایم ایس بی وی ہسپتال بہاولپور ڈاکٹر سید عامر محمود بخاری کا کہنا تھا کہ اس ارض پاک کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ ہم قائداعظم محمد علی جناح کے بتائے ہوے رہنما اصولوں ایمان اتحاد تنظیم پر عمل پیرا ہوں۔
پرنسپل قائد اعظم میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر نیاز مقصود کا کہنا تھا کہ پاکستان حادثاتی طور پر نہیں بلکہ سرسید احمد خان کے پیش کیے گئے نظریہ کے تحت معرض وجود میں آیا جس کو عملی جامہ قائد اعظم محمد علی جناح نے پہنایا ۔اگر آزادی کی نعمت پوچھنی ہے تو مقبوضہ کشمیر میں رہنے والوں سے پوچھیں ،فلسطین میں رہنے والوں سے پوچھیں۔ جس طرح کشمیری اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں تو وہ دن دور نہیں کہ وہ 14 اگست پاکستان کے ساتھ منایا کریں گے۔ نوجوان ہمارا سرمایہ ہے اور ہمیں ان کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے۔ آج کے دن ہمیں عہد کرنا ہے کہ اس ملک کی خاطر ہم مکمل ایمانداری اور خلوص نیت سے اپنا کردار ادا کریں گے۔
تقریب میں کالج فیکلٹی ، اسٹاف، سٹوڈنٹس، فیملیز اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر پرنسپل قائد اعظم میڈیکل کالج اور فیکلٹی نے تقریب میں عمدہ کارکردگی پر منتظمین میں اسناد و تعریفی سرٹیفیکیٹ تقسیم کیے