بہاول پور( اُمیدیں ٹائمز)اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں یوم آزادی کی مرکزی تقریب عباسیہ کیمپس میں منعقد ہوئی۔ انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر نے پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر ڈینز، سینئر اساتذہ کرام، طلبا وطالبات موجود تھے۔
اپنے صدارتی خطاب میں وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے کہا کہ مسلمانوں نے برصغیر پاک وہند پر ایک ہزار برس حکومت کی۔ اس کے بعد 150برس کا دورِ غلامی بھی دیکھا جس کی بنیادی وجہ تعلیم اور جدید علوم سے دوری تھی۔ سر سید احمد خان نے مسلمانوں کو دورِ جدید کے علوم سے روشناس کرنے کا بیڑا اُٹھایا اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا قیام عمل میں آیا۔ حضرت علامہ اقبال نے خطبہ ا لہ آباد کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک علیحدہ وطن کا خواب دکھایا جسے حضرت قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنے تدبر اور عظیم جدوجہد سے عملی تعبیر دی۔ پاکستان آج ایک حقیقت ہے اور کامیابیوں کی ایک عظیم داستان کا حامل ہے۔ ہم نے گزشتہ 75برسوں میں ہر شعبے میں دنیا میں اپنا نام روشن کیا۔انہوں نے کہا کہ صرف اور صرف تعلیم ہی ترقی کا زینہ ہے ۔
اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے 5000ملازمین اور 55,000طلباء وطالبات کی وطن ِعزیز کی ترقی میں اپنا کردار بخوبی نبھا رہے ہیں۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اس وقت ملک کی سب سے بڑی جامعہ بن چکی ہے اور ملکی و بین الاقوامی درجہ بندی میں نمایاں طور پر جگمگا رہی ہے۔
اس موقع پر وائس چانسلر نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات ماہ اگست میں جاری رہے گی۔ ان میں پرفارمنگ آرٹس شو، ڈرامہ اور ملی نغمہ کے مقابلے، آن لائن ویبینار یوم استحصال کشمیر، پینٹنگ ، پوسٹر، سکیچ، فیس پینٹنگ کے مقابلے ، کھیلوں کے مقابلے جن میں ٹیبل ٹینس، والی بال، بیڈ منٹن ، ٹگ آف وارا ور فٹ بال کے مقابلے شامل ہیں۔اس کے علاوہ قرات اینڈنعت کے مقابلے ، اردواور انگریزی تقریری مقابلے ،کوئز مقابلے ، شجر کاری مہم، شاعری کے مقابلے اورڈاکیومنٹری کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔
تقریب میں ٹی ڈی سی پی کی بس خصوصی توجہ کا مرکز رہی۔ یونیورسٹی ملازمین نے خصوصی بس میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے منعقد کی گئی سٹی پریڈ میں شرکت کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس افیئر نظریہ پاکستان سوسائٹی کی جانب سے تیارکردہ خصوصی ملی نغمہ بھی پیش کیا گیا