بہاولپور (اُمیدیں ٹائمز)کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال نے ماڈل بازار بہاول پور اور کرافٹ بازار بہاول پور کے مقام پر قائم رمضان بازاروں کا اچانک معائنہ کیا اور اشیائے خوردونوش کی حکومت کی جانب سے رعایتی نرخوں پر فراہمی کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بہاول پور عرفان علی کاٹھیا سمیت دیگر متعلقہ افسران و سٹاف موجود تھا ۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن رمضان بازاروں میں قائم آٹا، چینی، پولٹری، پھل، سبزی کے سٹالز سمیت ایگریکلچر فیئر پرائس شاپس پر گئے اور اشیائے خوردونوش کے نرخ اور کوالٹی کا مشاہدہ کیا ۔
انہوں نے کہا کہ عوام الناس کو ہر ممکن ریلیف کی فراہمی حکومت پنجاب کا مشن ہے اور اس سلسلہ میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ۔ انہوں نے ہدایت کی آٹا اور چینی کی وافر مقدار میں دستیابی کو یقینی بنایا جائے تاکہ صارفین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن نے موقع پر موجود صارفین سے گفتگو بھی کی اور اوپن مارکیٹ کی نسبت رعایتی نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی کے حوالہ سے استفسار کیا ۔ صارفین نے حکومت پنجاب کی جانب سے فراہم کردہ ریلیف پیکج پر اطمینان کا اظہار کیا اور مستقبل میں اس ریلیف پیکج کو جاری رکھنے کی توقع ظاہر کی ۔