بہاولپور(اُمیدیں ٹائمز) اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپونے دنیا کی بڑی اور بہترین جامعات میں تیزی سے اپنا مقام بنایا ۔ سائیمیگو انٹرنیشنل انسٹیٹیوشنل رینکنگ2022کی جاری کی گئی حالیہ رپورٹ کے مطابق اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور ایک بار پھر عالمی افق پر نمایاں ہو گئی ہے ۔ سائیمیگو نے مختلف مضامین کے لحاظ سے دنیا بھر کی جامعات کی درجہ بندی کی ہے جس کے مطابق اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے پاکستان کی65 یونیورسٹیوں میں فلاسفی، لائبریری اینڈ انفارمیشن سائنس، سوائل سائنس، ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنس اور زوالوجی میں بالترتیب دوسری، تیسری، چوتھی، اور چھٹی پوزیشن حاصل کی اور دنیا کی4364 جامعات میں انہی مضامین میں ٹاپ 500 یونیورسٹیوں میں بھی شامل ہو گئی ہے ۔ سوساءٹل رینکنگ میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پاکستان میں ساتویں ، جبکہ دنیا بھر میں 242 پوزیشن پر ہے اور ریسرچ رینکنگ میں پاکستان میں 16ویں جبکہ دنیا بھر میں 406 پوزیشن پر ہے ۔
واضح رہے کے وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کے مطابق آنے والے برسوں میں اور بھی نمایاں ہو جائیں گے اور یقین کامل ہے کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپوردنیا کی صف اول کی 100جامعات میں شامل ہو جائے گی ۔ وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے کوالٹی اینہانسمنٹ سیل اور یونیورسٹی کے دیگر تدریسی اور انتظامی شعبہ جات کی کاوشوں کو سراہا ہے ۔