بہاول پور (اُمیدیں ٹائمز)جنوبی پنجاب میں رواں سال پانی چوروں کے خلاف مزید گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے جس سے ٹیل کے کاشتکاروں کو ان کے حصے کا پانی پوری طرح میسر ہو گا ۔ نیزسیلابی پانی کو قابل استعمال بنانے کے لئے مختلف ڈیمز بھی بنائے جا رہے ہیں تاکہ ذخیرہ شدہ پانی سے کاشتکار فائدہ اٹھا سکیں ۔
ان خیالات کا اظہار سیکرٹری محکمہ آبپاشی جنوبی پنجاب انجینئر عامرخٹک نے آج یہاں اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے موقع پر متعلقہ آفیسرز اور میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سیکرٹری محکمہ آبپاشی جنوبی پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیاکہ جنوبی پنجاب کے زمینداروں و کاشتکار بھائیوں کے مسائل کے حل کے لئے میرا دفتر ہمہ وقت معاون و مدگار رہے گا ۔
انہوں نے دوران بریفنگ چیف انجینئر ملتان، بہاول پور اور ڈیرہ غازی خاں زونز کو ترقیاتی کاموں کی جلد از تکمیل سمیت پانی چوروں کے خلاف بلاتفریق فوری ایکشن لینے کے حوالہ سے بھی ہدایات جاری کیں ۔ قبل ازیں ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن عروج الحسن،ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل فیصل مشتاق، ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن عبدالجبار گجر اورڈپٹی سیکرٹری ٹیکنیکل محسن نذیر سمیت تمام سیکشن آفیسرز اور سیکرٹری آفس کے سٹاف نے سیکرٹری محکمہ آبپاشی جنوبی پنجاب انجینئر عامرخٹک کوعہدے کا چارج سنبھالنے پر خوش آمدید کہا اور گلدستے پیش کیے ۔
سیکرٹری محکمہ آبپاشی جنوبی پنجاب نے محکمہ آبپاشی کے تمام عملے کو مقررہ وقت پر حاضری یقینی بنانے اور آج کا کام آج ہی مکمل کرنے کی تلقین کی ہے