بہاولپور میں جشن آزادی کی تقاریب 386

بہاولپور میں جشنِ آزادی کی تقاریب

بہاولپور (اُمیدیں ٹائمز) پاکستان بھر میں اسوقت 73واں یومِ آزادی پورے جوش وخروش سے منایا جا رہا ہے۔ ہر شہر میں جشنِ آزادی کے سلسلے میں مختلف تقاریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ملک بھر کی طرح بہاولپور میں بھی مختلف تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔

بہاولپور میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ڈپٹی کمشنر آفس بہاولپور میں منعقد کی گئی جہاں کمشنر بہاولپور ڈویژن آصف اقبال اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور مظفر خان سیال نے پرچم کشائی کی۔ تقریب میں پولیس اور ریسکیو کے جوانوں نے گارڈ آف آنرز پیش کیا۔

بہاولپور میں دوسری تقریب اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں منعقد ہوئی جہاں وائس چانسلر اطہر محبوب نے عباسیہ کیمپس میں پرچم کشائی کی۔ گھوٹوی ہال میں منعقد ہونیوالی اس تقریب میں ڈینز، سینئر اساتذہ اور طلبا و طالبات موجود تھے۔

بہاولپور میں تیسری تقریب قائد اعظم میڈیکل کالج میں ہوئی۔ کالج کے آڈیٹوریم میں ہونے والی اس رنگارنگ تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر مختار حسین صاحن نے پاکستان کا پرچم لہرایا، پرندے آزاد کئے اور نرسنگ کالج بہاولپور سے تعلق رکھنے والی بچیوں نے ملی نغمے پیش کئے۔

بہاولپور میں چوتھی تقریب چیمبر آف کامرس بہاولپور میں منعقد ہوئی جہاں چیمبر آف کامرس کے ایگزیکٹو افسران نے بھرپور حصہ لیا۔ صدر چیمبر آف کامرس جاوید اقبال چوہدری نے پرچم کشائی کی جس کے بعد کیک کاٹا گیا اور شجر کاری مہم میں حصہ لیتے ہوئے پودے لگائے گئے۔

بہاولپور میں پانچویں تقریب بہاولپور ویسٹ منیجمنٹ کی جانب سے کی گئی۔ ویسٹ منیجمنٹ کی گاڑیوں نے آزادی کے موقع پر فلیگ مارچ کا انعقاد کیا جبکہ چیف ایگزیکٹو محمد نعیم اختر نے کیک کاٹا۔ اس موقع پر بہاولپور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی جانب سے “ایک شجر پاکستان کیلئے” کی مناسبت سے بہاولپور میں 500 پودے لگائے۔

شہر بھر کی تمام عمارتوں کو برقی قمقوں سے سجایا گیا ہے جبکہ جماعت اسلامی کی جانب سے پرچم بردار ریلی بھی چوک فوارا سے نکالی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں