بہاولپور (اُمیدیں ٹائمز) ڈپٹی کمشنر مظفر خان سیال نے کہا ہے کہ بہاولپور کو خوبصورت بنانے کے لئے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے افسران و سٹاف اپنا کردار ادا کریں۔ شہر کے تمام داخلی راستے خوبصورت بنائے جائیں اور ان مقامات پر سدا بہار اور سایہ دار پودے لگائے جائیں۔ نیز خوش آمدید بورڈز نصب کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی سکیمیں بروقت مکمل کی جائیں اور تعمیراتی کاموں پر خصوصی توجہ دی جائے۔
وہ اپنے دفتر کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی آصف لودھی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شاہد عمران، ڈائریکٹر ایڈمن پی ایچ اے سمیرا ربانی، بجٹ اینڈ بلاننگ آفیسر شفقت نواز اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ختم نبوت چوک المعروف چوک فوارہ کو مزید خوبصورت بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں اور بہتر انداز میں سدا بہار پودے لگائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مون سون شجرکاری مہم کے موقع پر شہر کے تمام پارکس، سڑک کے میڈین، گرین بیلٹس اور دیگر مقامات پر پودے لگائے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سمال انڈسٹریز کے نزدیگ اوورہیڈ برج پر پلانٹرز جلد نصب کرکے خوبصورت پودے لگائے جائیں۔