بہاولپور (اُمیدیں ٹائمز) عیدقربان کے تیسرے روز بھی لوگ قربانی کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں جس کے پیش نظر بہاولپور ویسٹ منیجمنٹ کی ٹیم عید کے تیسرے روز بھی آلائشوں کی تلفی کا کام کر رہی ہے۔
بہاولپور میں ہر سال کی طرح اس سال بھی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے اپنے فرائض سرانجام دیتے ہوئے بہاولپور کی صفائی کا خاص خیال رکھا۔ تمام گھروں میں ویسٹ بیگز دیئے گئے اور ہیلپ لائن پر کال کرنے سے باقاعدہ گھروں سے آلائشیں اٹھائی گئی تاکہ باہر پھینکنے سے گندگی نہ ہو۔
ڈپٹی کمشنر بہاولپور مظفر خان سیال نے ضلع میں صفائی اور جانوروں کی آلائشوں کی تلفی کے کاموں کا خود معائنہ کیا۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، میٹروپولیٹن سٹی اور ٹاؤن کمیٹی و میونسپل کارپوریشن کا سینیٹری و دیگر سٹاف کی جانب سے فیلڈ میں صفائی اور آلائشوں کی تلفی کا کام جاری ہے۔ صفائی ستھرائی اور جانوروں کی آلائشوں کی تلفی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر بی ڈبلیو ایم سی نعیم اختر نے بتایا کہ بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے عید کے پہلے روز 1130ٹن جانوروں کی آلائشیں تلف کی گئیں تھیں جبکہ لوگوں کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے سڑکوں پر ڈس انفیکشن سپرے بھی کیا گیا ہے۔