بہاولپور میں کورونا کی تشخیص کیلئے بائیو سیفٹی لیب کی تعمیر 261

بہاولپور میں کورونا کی تشخیص کیلئے بائیو سیفٹی لیب کی تعمیر

بہاولپور (اُمیدیں ٹائمز) بہاولپور شہر میں کورونا کی تشخیص کیلئے بائیو سیفٹی لیب کی تعمیر انتہائی مختصر وقت میں مکمل کر لی گئی ہے اس موقع پر کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال چوہدری نے کہا ہے کہ کورونا جیسی آفاقی وبا سے نجات کے لئے حکومتی سطح پر ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور کورونا کے مریضوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت کا مطمع نظر ہے تاکہ جلد از جلد اس وبا سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور کے ہمراہ گورنمنٹ ڈگری کالج برائے سپیشل ایجوکیشن بہاول پور میں قائم کردہ کورونا ریلیف فیلڈ ہسپتال کا دورہ بھی کیا۔ کمشنر آصف اقبال چوہدری نے سول ہسپتال میں قائم کی جانے والی بائیو سیفٹی لیول تھری لیب کا بھی معائنہ کیا اور مختصر عرصہ میں اس لیب کی تعمیر اور اس میں فراہم کی جانے والی سہولیات کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ اس لیب کی تکمیل سے کورونا کے مریضوں کے بروقت ٹیسٹ ہو سکیں گے اور اس سے ان کے علاج معالجہ میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ڈاکٹر اور طبی عملہ اپنی جانوں کی پروا کئے بغیر جس جانفشانی اور جذبے سے کورونا کے مریضوں کا علاج کر رہا ہے وہ اس پر انہیں سیلوٹ کرتے ہیں۔کمشنر بہاول پور ڈویژن نے اس موقع پر سول ہسپتال میں زیر علاج کورونا کے مریضوں کو فراہم کردہ طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور اس پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں