ڈپٹی کمشنر بہاول پور کے دفتر میں ڈینگی کے حوالہ سے اعلیٰ سطحی اجلاس 308

ڈپٹی کمشنر بہاول پور کے دفتر میں ڈینگی کے حوالہ سے اعلیٰ سطحی اجلاس

بہاول پور (اُمیدیں ٹائمز) مشیر صحت وزیر اعلیٰ پنجاب محمد حنیف خان پتافی کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر بہاول پور کے دفتر میں ڈینگی کے حوالہ سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بہاول پور شوذب سعید، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر ظفر اقبال، چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر غلام یٰسین صابر، ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حامد، ڈائریکٹر ایمرجنسی بی وی ایچ و فوکل پرسن ڈینگی ڈاکٹر عامر بخاری ودیگر محکموں کے سربراہان شریک تھے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ بہاول وکٹوریہ ہسپتال میں 72ڈینگی کے مریضوں کا کامیاب علاج معالجہ کیا گیا ہے جبکہ 25بستروں پر مشتمل ڈینگی وارڈ میں ہمہ قسم سہولیات دستیاب ہیں اور وارڈ کی استعداد کار میں اضافہ ضرورت کے مطابق کیا جا سکتا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈینگی وارڈ میں 14مریض زیر علاج ہیں جن کو تمام طبی و تشخیصی سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ مشیر صحت وزیر اعلیٰ پنجاب حنیف خان پتافی نے کہا کہ انسداد ڈینگی اقدامات و مانیٹرنگ کا آغاز اپنے اپنے دفاتر سے کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی نے وبا کی شکل غلط رپورٹنگ کی وجہ سے اختیار کی ہے۔انہوں نے کہا کہ مانیٹرنگ اور رپورٹنگ کے عمل کو فول پروف بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب ڈینگی کے خاتمہ و کنٹرول کے لئے ٹھوس اور موثر اقدامات کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر بہاول پور شوذب سعید کو انسداد ڈینگی کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔مشیر صحت کو محکمہ صحت کے حوالے سے ضلع بھر میں 4تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں، 12دیہی مراکز صحت، 75بنیادی مراکز صحت، 7گورنمنٹ ڈسپنسریز، 58دیہی ڈسپنسریز، 10ماں بچہ ہیلتھ سنٹرز، 1543صحت گھروں کی کارکردگی اور دستیاب سہولیات بارے بریفنگ دی گئی۔ دریں اثناء مشیر صحت وزیر اعلیٰ پنجاب نے بہاول وکٹوریہ ہسپتال میں بنائے گئے خصوصی ڈینگی وارڈ کا بھی معائنہ کیا۔انہوں نے معائنہ کے دوران مریضوں اور ان کے لواحقین سے وارڈ میں میسر سہولیات کے معیار اور دستیابی بارے بھی استفسار کیا۔مشیر صحت وزیر اعلیٰ پنجاب نے ڈینگی کے حوالے سے کئے جانے والے تمام تر اقدامات اور دستیاب سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں