انسداد ڈینگی اقدامات کی مانیٹرنگ ڈپٹی کمشنر بہاول پور کا اچانک دورہ 245

انسداد ڈینگی اقدامات کی مانیٹرنگ ڈپٹی کمشنر بہاول پور کا اچانک دورہ

بہاول پور (اُمیدیں ٹائمز) ڈپٹی کمشنر بہاول پور شوذب سعید نے انسداد ڈینگی اقدامات کی مانیٹرنگ کے حوالے سے شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے دورہ کے دوران ماڈل ٹاؤن سی کباڑخانہ، لاری اڈہ ٹائر مارکیٹ و دیگر جگہوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کباڑخانے شہری وآبادی والے علاقوں سے باہر منتقل کئے جائیں تاکہ ڈینگی سمیت دیگر مچھروں سے پھیلنے والی بیماریوں کا کنٹرول ممکن ہو سکے۔انہوں نے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر غلام یٰسین صابر، انچارج پریوینٹیو ہیلتھ کیئر ڈاکٹر ذاکر علی کو ہدایت کی کہ محکمہ ہیلتھ و دیگر سرکاری اداروں کے ساتھ مشترکہ ٹیموں کے ذریعے ڈینگی کے خاتمہ کے لئے موثر اور ٹھوس اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی فری ماحول کا حصول اولین ترجیح ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ کباڑخانوں، ٹائر شاپس، پارکس، نجی و سرکاری دفاتر، تعلیمی اداروں، ہوٹلز اور دیگر عوامی مقامات پر لاروے کی نشاندہی اور سدباب کے لئے موثر اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے ٹائر مارکیٹ کے انجمن تاجران کے عہدیداران سے خصوصی ملاقات کی اور ٹائر شاپس کے مالکان کو حکومتی احکامات پر عملدر آمد کرنے کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر تمام دوکانداروں نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بہاول پور میں بارش کا اندیشہ نہیں ہے جس کی وجہ سے ڈینگی کے خدشات نہیں ہیں لیکن بارش ہونے کی صورت میں وہ تمام انتظامات قبل ازوقت مکمل کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ بعد ازاں چیف ایگزیکٹیوآفیسر ہیلتھ نے ٹائر شاپس کے دوکانداروں کو ڈینگی سے بچاؤ بارے حفاظتی اقدامات سے آگاہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں