بہاول پور (اُمیدیں ٹائمز) صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے کہا ہے کہ عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ بہاول پور ڈویژن کے ہسپتالوں میں طبی سہولیات کی فراہمی اور ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف کی استعداد کار کو جدید تربیتی مراحل سے مزید بہتر بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکٹ ہاؤس بہاول پور میں محکمہ صحت بہاول پور ڈویژن کے افسران کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں ایم این اے فاروق اعظم ملک، چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ ہیلتھ طاہر اعوان ملک، پرنسپل قائد اعظم میڈیکل کالج ڈاکٹر جاوید اقبال، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر غلام ےٰسین، ڈی ایچ او ڈاکٹر ذیشان رؤف، ایم ایس بی وی ایچ ڈاکٹر عزیز الرحمان، ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر رانا یوسف، ممبر بورڈ عبدالمعید بخاری، ممبر بورڈ ریحان بن جاوید اور محکمہ صحت کے افسران شریک ہوئے۔صوبائی وزیر خوراک نے ہدایت کی کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف مریضوں کے ساتھ جذبہ خدمت اور خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔ بہاول وکٹوریہ ہسپتال کے زیر تعمیر شعبہ ایمرجنسی کی تعمیر کو جلد مکمل کیا جائے اور ڈاکٹرز اور سٹاف کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ہرممکن اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بہاول وکٹوریہ ہسپتال کے لیے110نئے ڈاکٹرز کی تعیناتی جلد ہی عمل میں لائی جائے گی۔ تاہم سینئر ڈاکٹرز اپنے وارڈ کی حالت بہتر بنائیں اور جذبہ خدمت کے تحت مریضوں کا علاج معالجہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ مضافات کے علاقوں میں قائم بنیادی و دیہی مراکز صحت میں سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے تاکہ ان علاقوں کے مریضوں کو ان کی دہلیز پر صحت کی بنیادی سہولیات میسر ہوں اور شہری علاقے کے ہسپتالوں پر غیر ضروری بوجھ کم ہوسکے۔ انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ مضافات کے علاقوں کے صحت مراکز کو مزید فعال بنایا جائے اور مانیٹرنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے۔بعدازاں صوبائی وزیر سمیع اللہ چوہدری نے بہاول وکٹوریہ ہسپتال کے میڈیکلI،II اور گائنی وارڈ کا اچانک معائنہ کیا۔انہوں نے صفائی ستھرائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
960