بہاولپور (اُمیدیں ٹائمز) کمشنر بہاول پور ڈویژن نیئر اقبال نے کہا ہے کہ آج 30اگست کو ملک بھر کی طرح بہاول پور ڈویژن میں بھی کشمیریوں پر جاری بھارتی ظلم وبربریت کے خلاف کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل اور بھرپور اظہار یکجہتی کے لئے یوم احتجاج منایا جائے گا اور اس سلسلہ میں بہاول پور ڈویژن میں ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز، تینوں ضلعی ہیڈ کوارٹرزاور تحصیل ہیڈ کوارٹرز میں یوم احتجاج کے لئے پروگرامز کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ یہ بات انہوں نے آج یہاں فرید گیٹ میں بہاول پور ڈویژن میں یوم احتجاج کے انتظامات کے حوالہ سے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر کمشنر بہاول پور ڈویژن نے کہا کہ پروگرام کے مطابق ڈویژن بھر میں 12بجے سائرن بجائے جائیں گے۔اس کے بعد پاکستان اور کشمیر کے قومی ترانے بجائے جائیں گے اور پاکستان کے مقبول اور ہردلعزیز ملی نغمے پیش کئے جائیں گے۔
کمشنر بہاول پور ڈویژن نیئر اقبال نے کہا کہ ملک بھر کی طرح بہاول پور ڈویژن میں بھی یوم احتجاج کے موقع پرتمام سیاسی جماعتوں کے قائدین اور ورکرز، تمام سرکاری اداروں کے افسران واہلکاران، معاشرے کے تمام طبقات،نوجوان، سکولوں،یونیورسٹیوں اورکالجوں کے طلبہ، تاجر حضرات، محنت کش اور تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے احتجاج میں شرکت کریں گی۔کمشنر بہاول پور ڈویژن نے مزید کہا کہ بہاول پور ڈویژن کے ڈویژنل، ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز اور قصبات کی سطح پر لوگ مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور ان کی اخلاقی مدد کے اظہار کے لئے جوق در جوق نکلیں گے اور اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے معاشرے کے دیگر طبقات میں بالعموم اور نوجوانوں اور طلبہ میں بالخصوص مثالی جوش وجذبہ پایا جاتا ہے جو کشمیری بھائیوں کے ساتھ مضبوط، مستحکم، تہذیبی،تاریخی اور مذہبی ہم آہنگی ویگانگت کا عکاس ہے۔
کمشنر بہاول پور ڈویژن نیئر اقبال نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ فرید گیٹ کے مقام پر احتجاج کے موقع پر ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لئے ایس پی ٹریفک نے متبادل ٹریفک پلان تیار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسی طرح کے متبادل ٹریفک پلان ڈویژن بھر میں نافذ العمل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ یوم احتجاج کے موقع پر لوگ ہاتھوں میں قومی پرچم تھامے شرکت کریں گے۔اس موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر بہاول پور شوذب سعید نے بھی پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ ضلع بہاول پور کی پانچوں تحصیلوں میں یوم احتجاج بھرپور طریقے سے منانے کے لئے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور اس حوالہ سے تمام اداروں کو فعال اور متحرک بنا دیا گیا ہے۔
204