رِنگ روڈ بہاولپور کا کام تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایات 378

رِنگ روڈ بہاولپور کا کام تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایات

بہاول پور(اُمیدیں ٹائمز)کمشنر بہاول پور ڈویژن نیئر اقبال کی زیر صدارت ایڈیشنل رنگ روڈ بہاول پور کی تعمیر کے سلسلہ کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بہاول پور شوذب سعید، ایڈیشنل کمشنر رابطہ آفتاب احمد پیرزادہ، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس نوشین ملک، اسسٹنٹ کمشنر سٹی رابعہ سیال، اسسٹنٹ کمشنر صدر مہدی مالوف، ایکسئین ہائی ویز سمیت متعلقہ محکمہ جات کے افسران موجود تھے۔کمشنر بہاول پور ڈویژن نیئر اقبال نے ہدایت کی کہ ایڈیشنل رنگ روڈ کا کام تیزی سے مکمل کیا جائے تاکہ شہر میں ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر کیا جا سکے اور موجود سڑکوں پر ٹریفک بوجھ کم ہوسکے۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ رنگ روڈ کے لیے1059 ملین روپے مختص کیے گئے اور10.5 کلومیٹر طویل رنگ روڈ بہاول پور ریلوے اسٹیشن سے بینو ہسپتال، بندرہ پلی، دیوان پلی، صدر پلی، کالی پلی تک کے بیرونی علاقہ کا احاطہ کرے گا جبکہ اس سڑک پر روزانہ9 ہزار سے زائد گاڑیاں سفر کریں گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مالی2016ء میں 208 ملین روپے جاری کیے گئے۔ سال2017ء میں 77ملین روپے، سال2018 میں 17ملین روپے جاری کیے گئے اور ہر متعلقہ سال کا100 فیصد تعمیراتی کام مکمل کیا گیا جبکہ سال رواں کے لیے194ملین رروپے کا بجٹ ایڈیشنل رنگ روڈ کے لیے مختص کیا گیا ہے۔کمشنر بہاول پور ڈویژن نیئر اقبال نے ہدایت کی کہ ایڈیشنل رنگ روڈ کے لیے سیوریج لائن بچھانے اور دیگر امور کو تیزی سے مکمل کیا جائے تاکہ سڑک کو مقررہ مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں