بہاول پور(اُمیدیں ٹائمز) محکمہ بہبود آبادی کی کثیر الجہتی آگاہی مہم کے سلسلہ میں محکمہ بہبود آبادی بہاول پور نے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفس بہاول پور کے تعاون سے بستی بانگا گراؤنڈ عقب تھانہ بغداد الجدید میں پاکستان زندہ باد دنگل کے تحت کشتیوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا۔ دنگل میں بہاول پور کے مختلف علاقوں سے نامور پہلوانوں نے حصہ لیا۔ دنگل کے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر بہاول پور میاں محمد ادریس تھے جبکہ ڈویژنل سپورٹس آفیسر، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر اور انچارج ڈرنگ اسٹیڈیم بہاول پور بھی دنگل میں موجود تھے۔ دنگل کے اختتام پر تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا جس سے ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر بہاول پور میاں محمد ادریس نے خطاب کیا اور کہا کہ آبادی میں تیزی سے اضافہ ملکی ترقی میں بہت بڑی رکاوٹ ہے۔ محکمہ بہبود آبادی کے قیام کا مقصد اپنے وسائل کے اندر رہ کر خاندان کی تشکیل اور چھوٹے کنبہ کے تصور کو فروغ دینا ہے تاکہ ماں اور بچے کی صحت برقرار رہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں اور محکمہ بہبود آبادی ان کے لیے وقتاً فوقتاً کھیلوں کا انعقاد کرتا رہتا ہے تاکہ ایک صحت مند معاشرے کے تصور کو فروغ حاصل ہو سکے کیونکہ صحت مند معاشرہ ہی ملکی ترقی کا ضامن ہے۔ تقریب کے اختتام پر ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر بہاول پورمیاں محمدادریس نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور دنگل جیتنے والے پہلوانوں کو ٹرافی اور انعامات تقسیم کیے۔
710