بہاول پور (اُمیدیں ٹائمز) شعبہ معاشیات اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اور کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان کے زیر اہتمام مسابقتی کمیشن اور تعلیمی اِداروں کے مابین روابط کو فروغ دینے کے لیے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ کمیشن ایک خود مختار نیم ریگولیٹری اِدارہ ہے جس کو کمپیٹیشن ایکٹ 2010کے تحت قواعد وضوابط، ہدایات اور رہنمائی کے خصوصی اختیارات حاصل ہیں۔ اس اِدارے کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ مسابقتی فضاء تجارتی اور اقتصادی میدان میں پروان چڑھے اور مسابقتی مخالف رویے سے صارفین کے تحفظ کے لیے موثر طور پر کام کرے۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر رانا اعجاز علی خان چیئر مین شعبہ معاشیات، ڈاکٹر شہزاد انصر، ممبر اور اسفند یار کھٹک ڈائریکٹر جنرل مسابقتی کمیشن نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ کاروباری معاملات میں عدم مسابقت کا طرز عمل معیشت پر منفی اثرات ڈالتا ہے اور صارفین کے حقوق پر بھی اثر انداز ہوتا ہے۔ یہ اِدارہ تجارتی اِداروں کو منڈی میں اجارہ داری قائم کرنے سے روکتا ہے اور مسابقت کے خاتمے کے لیے قائم ہونے والے تجارتی ادغام کی روک تھام کرتا ہے۔قانونی مشاورت سے مسابقتی قانون پر عملدرآمد کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے اورمعیشت کے پھلنے پھولنے کے لیے مسابقتی فضاء قائم رکھنے کے لیے قانونی اقدامات لیے جاتے ہیں۔
430