بہاولپور(اُمیدیں ٹائمز)اینٹی کرپشن عدالت بہاولپور نے اسلامیہ یونیورسٹی کے سابق خزانہ دار فخر بشیر کے بھائی کو جعلی اور بوگس دستاویزات پر اسسٹنٹ رجسٹرار تعینات کے الزام میں سابق وائس چانسلر ڈاکٹر قیصر مشتاق،سابق رجسٹرار ارشد خان اور اسسٹنٹ رجسٹرار عدنان بشیر کو آئندہ پیشی سے قبل ایک ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیدیا۔ اینٹی کرپشن عدالت بہاولپور میں د ائر استغاثہ میں موقف اختیار کیا گیاکہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں اسسٹنٹ رجسٹرار امتحانات کیلئے حافظ عدنان بشیر نے اپنی تعلیمی اسناد کے ساتھ انسٹی ٹیوٹ آف سدرن پنجاب ملتان کی جانب سے تجربہ کی سرٹیفکیٹ دیا تھا لیکن تصدیق کے بعد انسٹیٹوٹ آف سدرن پنجاب ملتان کے رجسٹرار نے مذکورہ سرٹیفکیٹ کو جعلی قرار دیتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر قیصر مشتاق اور رجسٹرار کو عدنان بشیر کے خلاف کارروائی کیلئے چٹھی لکھی تھی لیکن کسی قسم کی کارروائی نہ کی گئی بلکہ عدنان بشیر آج بھی بطور اسسٹنٹ رجسٹرار لیگل اپنے فرائض سر انجام دے رہا ہے۔سپیشل جج اینٹی کرپشن ابراہیم اصغر نے استغاثہ کوسماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے اسلامیہ یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر قیصر مشتاق،سابق رجسٹرار ارشد علی خان اور جعلی دستاویز پر ملازمت حاصل کرنیوالے عدنان بشیر کو آئندہ سماعت سے پہلے عدالت میں ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیدیا ہے۔استغاثہ کی آئندہ سماعت18مئی کو ہوگی۔
265