بہاول پور(اُمیدیں ٹائمز)منیجنگ ڈائریکٹر بہاولپورویسٹ مینجمنٹ کمپنی محمد نعیم اختر نے کہا ہے کہ رمضان المبارک خیر و برکت کا مہینہ ہے اور اس ماہ مبارک کے دوران لوگوں کو صاف ستھرے ماحول کی فراہمی کے لئے ہرممکن اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی جانب سے شہر میں لگائے جانے والے سستے رمضان بازاروں اور مساجد میں صفائی ستھرائی پر بھی بھرپور توجہ دی جائے تاکہ شہری صاف ستھرے ماحول میں رمضان المبارک کی برکتوں سے فیض یاب ہو سکیں۔یہ ہدایات انہوں نے رمضان المبارک کے دوران صفائی پلان کو حتمی شکل دینے کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔اس موقع پرکمپنی سیکرٹری محمد اعظم خان کانجو،چیف فنانشل آفیسر عمران اشرف، منیجر آپریشن محمد امتیاز اللہ،اسسٹنٹ منیجر آپریشنز محمد عامر اسماعیل،تنویر منہاس،اسسٹنٹ منیجر ورکشاپ محمد وقاص و دیگر افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔ منیجر آپریشن محمد امتیاز اللہ نے رمضان پلان کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی جانب بہاولپور شہر میں قائم سستے رمضان بازاروں میں صفائی کی بہترین صورتحال کو یقینی بنانے کے لئے ڈیوٹی روسٹر جاری کر دیا گیا ہے جہاں کمپنی کے سینیٹری ورکرز دو شفٹوں میں فرائض انجام دیں گے۔ کوڑا کرکٹ اٹھانے کے لئے تمام بازاروں میں ورکرز کوہینڈ کارٹس اورویسٹ بیگزمہیاکیے جائیں گے اور کوڑے دان بھی نصب کیے جائیں گے۔ کوڑا کرکٹ کی شہر سے باہر بروقت منتقلی کے لیے ہر رمضان بازار میں 1 منی ڈمپربھی موجود رہے گا۔انہوں نے بتایاکہ دکاندار حضرات اور خریداری کے لیے آنے والے صارفین کو صاف ستھرے ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانے اور صفائی سے متعلق شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے تمام رمضان بازاروں میں خصوصی مانیٹرنگ ڈیسک بھی قائم کیے جائیں گے۔کمپنی کی جانب سے صفائی سے متعلق عوامی آگاہی کے لیے بھی رمضان بازاروں میں لوگوں کو آگاہی پمفلٹس اورفری ویسٹ بیگز تقسیم کیے جائیں گے۔ منیجر آپریشنز نے مزید بتایا کہ کمپنی شہر بھر کی مساجد اور ان سے ملحقہ راستوں پر روزانہ کی بنیاد پر صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات بروئے کار لائے گی تاکہ مساجد میں نماز و تراویح کے لیے آنے والے لوگوں کو صاف ستھرے راستے میسر آئیں۔علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی جانب سے مرکزی عید گاہ،ٹبہ بدر شیر،شاہدرہ پارک اور ڈسپنسری گراونڈ بھٹہ نمبر1 کے مقامات پر لگائے جانے والے افطار دسترخوانوں پر سینیٹری ورکرز کا ڈیوٹی روسٹر بھی جاری کر دیا گیا ہے جو افطار سے قبل اور بعد ازاں دستر خوانوں کے جگہوں کی صفائی ستھرائی کے امور سر انجام دیں گے۔
259