بہاول پور(اُمیدیں ٹائمز)حکومت پنجاب نے رواں سال گندم کے کاشتکاروں سے گندم خریداری کے لئے 3کروڑ90لاکھ باردانہ گندم خریداری مراکز پر پہنچا دیا ہے اور باردانہ کی تقسیم کے عمل کو شفاف اور میرٹ کے مطابق بنانے کے لئے باردانہ کے اجراء کا شیڈول کاشتکاروں کو ان کے انفرادی موبائل نمبر پر بذریعہ ایس ایم ایس بھجوانے کے انتظامات کئے ہیں تاکہ کاشتکار بار بار دفاتر کے چکر لگانے کی زحمت سے بچ سکیں۔یہ بات محکمہ خوراک کے ترجمان نے آج یہاں ایک اخباری بیان میں بتائی۔ترجمان نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ صوبہ پنجاب کے9ڈویژنز میں باردانہ کے اجراء کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق بہاول پور ڈویژن، ملتان ڈویژن، ڈیرہ غازیخاں ڈویژن اور ساہیوال ڈویژن میں 29/اپریل تا 18/مئی جبکہ سرگودھا ڈویژن، فیصل آباد ڈویژن، لاہور ڈویژن اور گوجرانوالہ ڈویژن میں 30/اپریل سے 19/مئی تک اور راول پنڈی ڈویژن میں 3/مئی تا 22/مئی تک باردانہ کے اجراء کا شیڈول مرتب کیا گیا ہے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ 10ایکڑ رقبہ کی حد تک تمام کاشتکاروں کو باردانہ ٹوکن نمبر کے تحت فراہم کیا جائے گا جس کی متعلق کاشتکار کو 9211سے بذریعہ ایس ایم ایس مطلع کیا جائے گا۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ محکمہ خوراک پنجاب نے کاشتکاروں کی 24گھنٹے رہنمائی اور شکایات کے ازالہ کے لئے ٹال فری نمبر 0800-09211کو آپریشنل کر دیا گیا ہے اور کاشتکار اس سے مستقل بنیادوں پر رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر محکمہ خوراک نے باردانہ کی تقسیم، گندم خریداری مراکز پر تمام ضروری سہولیات کی فراہمی اور فاسٹ ٹریک بنیادوں پر کاشتکاروں سے گندم کی خریداری کے لئے جامع انتظامات کئے ہیں۔
451