بہاول پور(اُمیدیں ٹائمز)ڈپٹی کمشنر بہاول پور شوذب سعید نے کہا ہے کہ ڈرنگ اسٹیدیم بہاول پور میں کھیلوں کی دستیاب سہولیات کو اپ گریڈ کرنے کا حتمی فیصلہ کرنے کے ساتھ ساتھ ڈرنگ اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کے لیے نیا پی سی ون تیار کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے ہیں۔ یہ بات انہوں نے کھیلوں کی سہولیات میں بہتری کے حوالے سے ڈرنگ اسٹیڈیم کے معائنہ کے موقع پر کہی۔ انہوں نے بتایا کہ آسٹروٹرف، جمنیزیم، سکواش کورٹس ، ریسلنگ ایرینا اور کرکٹ گراؤنڈ پویلین کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ باکسنگ شائقین و کھلاڑیوں کے لیے ڈرنگ اسٹیڈیم میں باکسنگ رنگ بھی بنایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ سپورٹس فنڈز کے کارآمد استعمال کے لیے مقامی سپورٹس تنظیموں کا اجلاس عنقریب بلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تنظیموں کی مشاورت سے سپورٹس ایونٹ کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ سپورٹس فنڈز کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بہاول پور کے نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے مواقع پیدا کیے جائیں گے اور نئے کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اگر ہم اپنے کھیل کے میدان آباد کرنے میں کامیاب ہو گئے تو ہسپتال مریضوں سے خالی ہو جائیں گے۔