بہاول پور (اُمیدیں ٹائمز) انجینئر پروفیسر ڈاکٹر عامر اعجاز، وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے کہا ہے کہ قوموں کی سماجی اور معاشی ترقی میں تعلیمی شعبے کا کلیدی کردار ہے۔ اسی طرح معاشرے کی سماجی اور معاشی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے اساتذہ کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ حکومت کو شعبہ تعلیم خصوصاً اعلیٰ تعلیم کی ترقی کے لیے وسائل کو دُگنا کر نا ہوگا تاکہ پاکستان ایک ترقی یافتہ ملک کے طور پر قوموں کی صف میں کھڑا ہو سکے۔ وائس چانسلر نے ان خیالات کا اظہار نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ لاہور سے آئے ہوئے 27ویں مڈ کیرےئر مینجمنٹ کورس کے تربیتی افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفد نے اپنے دورے کے دوران وائس چانسلر ، ڈینز اور انتظامی افسران سے ملاقات کی اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں جاری تدریسی وترقیاتی سرگرمیوں سے متعلق آگاہی حاصل کی۔ وفد کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ جامعہ اسلامیہ میں طلبہ وطالبات کو تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی کردار سازی کی طرف بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ اسی طرح طلباء میں انٹرپرینورشپ کے حوالے سے بھی تربیت دی جاتی ہے تاکہ ہمارے نوجوان جامعہ سے فارغ التحصیل ہو کر نہ صرف اپنے لیے کاروبار کے مواقع پیدا کریں بلکہ دوسروں کو بھی ملازمت فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ طلباء میں برداشت اور اعلیٰ اخلاقی اقدار پروان چڑھانے کے لیے مختلف لیکچرز، کانفرنس اور سیمینار کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اِسی طرح تعلیم کے معیار میں اضافے اور فراہم کردہ سہولتوں کی بہتری کے لیے بھی تمام سٹاف مصروف عمل رہتا ہے۔ وفد کے ارکان نے عباسیہ کیمپس اور بغداد الجدید کیمپس میں واقع لائبریری اور مرکزی آڈیٹوریم کا بھی دورہ کیا۔
448