بہاول پور(اُمیدیں ٹائمز)ڈپٹی کمشنر بہاول پور شوذب سعید نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیو ورکرز کو تعریفی سرٹیفکیٹس اور انعامات سے نوازا۔ بیسٹ پولیوورکرز کے اعزاز میں قائد اعظم میڈیکل کالج بہاول پور کے آڈیٹوریم میں ایوارڈ عطا کرنے کی یہ تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں ڈپٹی کمشنر بہاول پور شوذب سعید، پرنسپل قائد اعظم میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر محمد عباس، چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر فیاض انور، ممبر پولیو پلس کمیٹی محمد حنیف ودیگر شریک ہوئے۔ تقریب میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر پریوینٹیو ڈاکٹر ذاکر علی نے بتایا کہ ضلع بھر میں پولیو وائرس سے متاثرہ کوئی کیس نہیں ملا جبکہ 149اے ایف بی کیسز کی جانچ کی گئی۔انہوں نے کہا کہ مزید جانچ کے لئے پولیو وائرس کی تلاش میں دو سیوریج ڈسپوزل بہاول پور سے نمونہ جات اکٹھے کئے گئے۔انہوں نے بتایا کہ ماحولیاتی نمونہ جات کے نتائج کے مطابق بہاول پور پولیو وائرس کی تصدیق سے محفوظ رہا۔
ایوارڈ عطا کرنے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر بہاول پور شوذب سعید نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی بہاول پور نے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر فیاض انور کی سربراہی میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پولیو وائرس سے تحفظ کا پورا کریڈٹ فیلڈ میں ڈیوٹی پر موجود پولیو ورکرز کوجاتا ہے جن کی جانفشاں خدمات کی بدولت یہ اعزاز حاصل ہوا۔ڈپٹی کمشنر نے پولیو پلس کمیٹی ممبران عزیز میمن، محمد حنیف اور روٹیری انٹرنیشنل اسلام آباد کا تقریب عطائے سرٹیفکیٹ و انعامات کے بہترین انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔تقریب میں دوران پولیو ڈیوٹی زخمی ہونے والی ٹیم ممبر مسز زاہدہ کو اعزازی شیلڈ اور ایک ہزار امریکی ڈالرز انعام دیا گیا۔ عالمی ادارہ صحت کے ٹیم لیڈ کی جانب سے پولیو ورکر کونقد انعام دینے پر ڈپٹی کمشنر نے ان کا شکریہ ادا کیا۔